ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنیادی سیکٹرمیں 102لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان

بنیادی سیکٹرمیں 102لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان

Wed, 01 Jan 2020 10:46:58    S.O. News Service

نئی دہلی ،یکم جنوری(ایس او نیوز/یواین آئی) مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے سست پڑتی معیشت کو رفتار دینے اور بازار میں لیکویڈیٹی بڑھانے کے لئے اگلے پانچ سال کے دوران بنیادی سیکٹر میں 102لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ اس سے سال 2025تک گھریلو معیشت کو پانچ ہزار ارب ڈالر کا بنانے میں مدد ملے گی۔ سیتارمن نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی بنیادی سیکٹر منصوبے کے تحت 10,250,704 روپے کا خرچ ہوگا اور اس میں پرائیویٹ سیکٹر اور ریاستی حکومتیں بھی شامل ہوں گی۔اس سے معیشت کو رفتار دینے میں مدد ملے گی اور ہندوستانی معیشت کو سال 2025 تک پانچ ہزار ارب ڈالر کا بنانے کا ہدف حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بنیادی سیکٹر کی ترقی کے لئے قومی بنیادی ڈھانچہ پائپ لائن (این آئی پی)تال میل نظام کا قیام عمل میں آئے گا اور اس میں مرکزی حکومت کے علاوہ ریاست اور پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ اس نظام کے تحت منصوبہ،اطلاعات کا تبادلہ، نگرانی اور این آئی پی کو نافذ کرنے کا خاکہ طے ہوگا۔مرکزی وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی نے یوم آزادی کے اپنے خطاب میں بنیادی ڈھانچے کے سیکٹر میں 100 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیاتھا جس کے مطابق ایک دستے کی تشکیل کی گئی تھی۔اس دستے کی سفارشات پر این آئی پی فنڈ بنے گا۔مرکزی وزیر خزانہ نے کہا کہ بنیادی سیکٹر سے متعلق کام کیلئے چار مہینے کے وقت میں 102 لاکھ کروڑ روپے کے منصوبوں کا انتخاب کیاگیاہے۔اس کیلئے 70فریقوں سے صلاح مشورہ کیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے مسلسل کوشش کررہی ہے اور اس کے ایک سال 2020 کی دوسری چھ ماہی میں ملک میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد ہوگا۔ سیتارمن نے کہا کہ این آئی پی کے 25لاکھ کروڑ توانائی کے شعبہ،20لاکھ کروڑ روپے سڑک اور 14لاکھ کروڑ روپے ریلوے پراجیکٹ کے لئے ہوں گے۔ این آئی پی میں پرائیویٹ سیکٹر کی حصہ داری 22فیصد سے 25فیصد تک ہوگی۔اس کے علاوہ 16لاکھ کروڑ روپے ٹرانسپورٹ سروس،16لاکھ کروڑ روپے آبپاشی،2.5لاکھ کروڑ روپے بندر گاہ اور ہوائی اڈا،3.2لاکھ کروڑ روپے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے،دیہی ترقی،زراعت اور فوڈ پراسیسنگ صنعت کے لئے رکھے گئے ہیں۔ محترمہ سیتارمن نے کہا کہ حکومت نے بنیادی سیکٹر میں 51لاکھ کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔یہ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی)کا پانچ سے چھ فیصد حصہ ہے۔


Share: